ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / آسٹریلوی عام انتخابات کا نتیجہ، سیاسی بے یقینی

آسٹریلوی عام انتخابات کا نتیجہ، سیاسی بے یقینی

Sun, 03 Jul 2016 18:29:49    S.O. News Service

ملبورن 3جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)آسٹریلیا کے پارلیمانی الیکشن کے نتائج کے مطابق کوئی بھی سیاسی پارٹی حکومت سازی کے لیے قطعی اکثریت حاصل نہیں کرسکی۔ ناقدین کے مطابق یہ پیشرفت ملک میں سیاسی تعطل اور اقتصادی عدم استحکام کا باعث بن سکتی ہے۔خبر رساں ادارے روئٹرز نے بتایاکہ آسٹریلوی انتخابات میں واضح نتائج سامنے نہ آنے کے باعث پیدا ہونے والے سیاسی تعطل کو ختم کرنے کے لیے بڑی پارٹیاں مبینہ طور پر ہارس ٹریڈنگ کے عمل میں مصروف ہو گئی ہیں۔آسٹریلیا میں ہفتہ، دو جون کے عام انتخابات کے ابتدائی نتائج کے مطابق سیاسی حریفوں میں سخت مقابلہ جاری ہے۔ حکمران اتحاد اور اپوزیشن کی لیبر پارٹی کے رہنماؤں نے اپنی اپنی کامیابی کے دعوے ضرور کیے ہیں۔ہفتے کے دن منعقد ہوئے الیکشن میں انتہائی کانٹے دار مقابلے کے نتیجے میں دائیں بازو کی طرف جھکاؤ رکھنے والے اعتدال پسند وزیر اعظم میلکم ٹرن بل کی پارٹی کو حکومت سازی کے لیے اب چھوٹی پارٹیوں اور آزاد امیدواروں کی حمایت کی ضرورت ہو گی۔دوسری طرف اپوزیشن لیبر پارٹی بھی اس پوزیشن میں ہے کہ وہ آزاد امیدواروں اور چھوٹی سیاسی پارٹیوں کی حمایت حاصل کرتے ہوئے حکومت سازی میں کامیاب ہو سکتی ہے۔ تاہم ٹرن بل نے اتوار کے دن اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر آئندہ تین سال کے لیے اقتدار سنبھال لیں گے۔آسٹریلوی الیکشن کمیشن کے مطابق150نشستوں والی پارلیمان میں ٹرن بل کی پارٹی کو 67جبکہ لیبر پارٹی کو71سیٹوں پر کامیابی ملی ہے۔ ان انتخابات میں گرین پارٹی اور آزاد امیدواروں نے بھی پانچ نشستوں پر کامیابیاں سمیٹی ہیں۔سات نشستوں سے متعلق حتمی نتائج آنا ابھی باقی ہیں۔ٹرن بل کا کہنا ہے کہ وہ حکومت سازی کے لیے مطلوبہ76نشستیں حاصل کر لیں گے۔ تاہم ناقدین کا خیال ہے کہ یہ نتائج آسٹریلیا میں سیاسی تعطل کا باعث بن سکتے ہیں جہاں حکومت سازی میں کامیاب ہونے والی کوئی بھی پارٹی قطعی اکثریت سے محروم رہے گی۔اگر ٹرن بل کی سیاسی جماعت حکومت سازی میں کامیاب نہ ہو سکی تو آسٹریلیا کی تاریخ میں پچاسی برس بعد یہ پہلی مرتبہ ہو گا کہ وہاں کوئی سیاسی پارٹی اپنی پہلی مدت کے بعد ہی اقتدار سے محروم ہو جائے گی۔دو جولائی بروز ہفتہ آسٹریلیا میں ایوان زیریں کی 150جبکہ ایوان بالا کی 76نشستوں پر الیکشن منعقد کرائے گئے تھے۔ سینیٹ کے الیکشن کے نتائج آئندہ کچھ ہفتوں میں سامنے آئیں گے۔


Share: